فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی کینیڈا میں مقیم المنائی کے اعزاز میں عشائیہ

Spread the love

فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی (FJMU) کی سالانہ بین الاقوامی سائنسی کانفرنس کی اختتامی تقریب کے موقع پر امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ میں مقیم المنائی کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا گیا۔ تقریب کی صدارت وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کی۔تقریب میں سابق وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
عشائیہ میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسر عامر زمان خان، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سابق وائس چانسلرز فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر شمسہ ہمایوں اور پروفیسر شیریں خاور سمیت پبلک، پرائیویٹ اور افواجِ پاکستان سے وابستہ طبی تعلیمی اداروں کے سربراہان، پرنسپلز اور پروفیسرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ سے آئے ہوئے ممتاز ماہرینِ طب اور فاطمہ جناح میڈیکل کالج و یونیورسٹی کی المنائی بھی شریک ہوئیں، جن میں ڈاکٹر وردہ طارق شفیع، ڈاکٹر رشیدہ قاضی، ڈاکٹر ام ایمن، ڈاکٹر فوزیہ رانا، صدر FJMCAANA ڈاکٹر عمبرین چوہدری، صدر FJMU-UK Alumni ڈاکٹر عمارہ سہیل اور دیگر شامل تھیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج المنائی ایسوسی ایشن اور دیگر طبی اداروں کی نمائندہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے المنائی ایسوسی ایشنز کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بیرونِ ملک مقیم المنائی پاکستان کے غیر رسمی سفیر کا کردار ادا کرتی ہیں اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرتی ہیں۔سابق وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط ادارے ہی مضبوط ملک کی بنیاد ہوتے ہیں، جبکہ انہوں نے وائس چانسلر کی قیادت اور فیکلٹی کی کاوشوں کی تعریف کی۔چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کانفرنس کو مثالی قرار دیتے ہوئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ دیگر مقررین نے بھی یونیورسٹی کی تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی کارکردگی کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر عشائیہ دیا گیا اور معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے