کراچی میں یوم القدس کے موقع پر مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں علماء کرام، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تحریک آزادی القدس پاکستان کی مرکزی ریلی نمائش چورنگی سے شروع ہو کر اماں ٹاور پہنچی، جس میں خواتین، مرد اور بچوں نے حصہ لیا۔ ریلی میں غزہ اور ایران کے تکلیف دہ حالات کی منظر کشی بھی کی گئی۔ اماں ٹاور پر علامہ امین شہیدی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ صادق تقوی اور مرکزی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن سید امین شیرازی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ، پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی، جماعت اسلامی کے رہنما معراج الہدیٰ اور کراچی بار کے صدر ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ سمیت دیگر شخصیات نے بھی اظہار خیال کیا۔
دوسری جانب صدر ریگل چورنگی پر شیعہ علماء کونسل کی جانب سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ مقررین نے زور دیا کہ القدس کی آزادی کے لیے مسلم دنیا کو متحد ہونا ہوگا اور فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
