آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی جنرل کونسل نے پرنٹ میڈیا کو درپیش سنگین مالی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں منعقدہ سالانہ اجلاس میں اخباری صنعت کے واجب الادا بقایاجات کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ سابق دور حکومت میں منظور شدہ سرکاری اشتہارات کے نرخوں میں اضافے کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ سرکاری اشتہارات میں پرنٹ میڈیا کا حصہ واضح طور پر مختص کیا جائے اور اشتہارات کے حجم میں اضافہ کیا جائے۔
کونسل نے گزشتہ 17 ماہ سے بعض اداروں کو سرکاری اشتہارات کی فراہمی بند ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں آئندہ سال کے لیے نئی قیادت کا انتخاب بھی کیا گیا، جس میں مختلف عہدیداران کو ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
