امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری صورتحال زیادہ طویل نہیں چلے گی اور امریکا اس خطے میں زیادہ دیر تک موجود نہیں رہے گا۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور اس کی جارحانہ صلاحیتوں کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کی طاقت محدود ہو چکی ہے اور اب اس کے پاس زیادہ اثر و رسوخ باقی نہیں رہا۔ ان کے مطابق امریکا کا مقصد واضح طور پر یہ یقینی بنانا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
انہوں نے آبنائے ہرمز سے متعلق گفتگو میں کہا کہ خطے میں تیل کی ترسیل سے جڑے راستوں کو کھلا رکھنا ضروری ہے۔
دوسری جانب امریکی وزیر جنگ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کے پاس وسیع آپشنز موجود ہیں جبکہ ایران کے امکانات محدود ہیں۔ ان کے مطابق آئندہ دن اس صورتحال میں فیصلہ کن ثابت ہوں گے اور امریکا بھرپور قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
