پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان پر عائد دو میچوں کی پابندی کے خلاف اپیل مسترد کر دی گئی ہے۔
پی ایس ایل ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی اپیل پر سماعت کی، جس میں دونوں فریقین کے مؤقف سنے گئے۔ تین رکنی کمیٹی نے غور کے بعد میچ ریفری کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
فخر زمان پر الزام تھا کہ انہوں نے گیند کی حالت تبدیل کرنے کے معاملے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی، جس پر انہیں لیول تھری کے تحت دو میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔
فیصلے کے مطابق فخر زمان اب لاہور قلندرز کے اگلے دو میچز نہیں کھیل سکیں گے، جن میں 3 اپریل کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں امپائرز نے گیند کی حالت پر اعتراض کے بعد لاہور قلندرز کے خلاف پانچ رنز کی پنالٹی بھی عائد کی تھی اور گیند تبدیل کی گئی تھی۔
