امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی امریکی وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جہاں وہ اہم مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفد میں خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔ امریکی وفد کا استقبال نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیا۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے امریکی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے اور عالمی سطح پر دیرپا امن و استحکام کے لیے امریکا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات میں تمام فریقین مثبت اور تعمیری انداز میں حصہ لیں گے۔
پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خطے میں تنازع کے پائیدار حل اور امن کے فروغ کے لیے اپنی سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔
