امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد نئی بحث چھڑ گئی ہے، جس میں وہ اوول آفس کی ایک تقریب کے دوران چند لمحوں کے لیے آنکھیں بند کیے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
وائرل مناظر میں 79 سالہ صدر کو اپنی کرسی پر پیچھے جھکے ہوئے دیکھا گیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیا کہ وہ تقریب کے دوران اونگھ گئے تھے یا سو گئے تھے۔ یہ واقعہ وائٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک سرکاری تقریب کے دوران پیش آیا۔
تاہم وائٹ ہاؤس نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ردعمل میں کہا گیا کہ صدر کی آنکھیں کھلی تھیں اور سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعوے بے بنیاد ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ امریکی تاریخ کے فعال ترین، قابلِ رسائی اور متحرک صدور میں سے ایک ہیں۔
دوسری جانب یہ معاملہ امریکی کانگریس تک بھی پہنچ گیا ہے، جہاں ایک رکنِ کانگریس نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کو مختلف ویڈیوز دکھائیں جن میں ٹرمپ کو آنکھیں بند کیے دیکھا گیا۔ اس پر مارکو روبیو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی صدر کو سوتے نہیں دیکھا اور ان کے مطابق صدر انتہائی متحرک شخصیت کے حامل ہیں۔
