کینیڈا – رپورٹ محبوب شیخ
کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے کینیڈا اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایک یادگار شام اور عید ملن کا انعقاد کیا یہ تقریب CPBC کے نئے مقرر کردہ بورڈ ممبران سے ملاقات، اسپانسرز کو سراہنے، اور حالیہ برسوں کے ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوئی خاص طور پر ایسے افراد جن کی خدمات دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
تقریب کا آغاز کینیڈا اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا اور تقریب کی میزبان CPBC کے صدر سمیر دوسل نے حاضرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے امید اور ترقی کا پیغام دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نئے بورڈ ممبران کا تعارف کروایا اور پاکستان کے اپنے حالیہ کامیاب دورے کی جھلکیاں پیش کیں۔ ان کے خیالات میں بڑھتے ہوئے مواقع، نئے اشتراکات، اور اقتصادی تعاون کے لیے گہری وابستگی کی تصویر نمایاں تھی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی معزز وزیر برائے توانائی و قدرتی وسائل کینیڈا ٹِم ہاجسن نے کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی کی جانب سے بیرونی ممالک کے حالیہ دورے کے دوران ہونے والے تجارتی معاہدوں اور کینیڈا کو مزید معاشی طور پر مضبوط بنانے کے اقدامات کے بارے میں بتایا اور تجارتی تعاون، جدت، اور جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت اور خاص طور پر وزیر اعظم کینیڈا مارک کارنی کے ذریعے قائم ہونے والی شراکتیں کس طرح کینیڈا میں نئے معاشی مواقع پیدا اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنا سکتی ہیں۔
اس تقریب میں سیاسی اور سفارتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات کینیڈینز ایم پی ہیلینا جیکزیک، ایم پی سمیر زبیری، سینیٹر سلمیٰ عطااللہ جان، ٹورنٹو میں پاکستان کے ٹریڈ کمشنرالطمش جنجوعہ ، مارکھم شہر کے میئر فرینک اسکارپٹی نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ تقریب میں CPBC کے نائب صدر سید بلال محمود، سجاد ابراہیم ، علی کزلباش ، عمران گوندل ، میڈیکل کے صدر زبیر متی ، نیڈیک کے سابق صدر غلام حسین ، ڈاکٹر مظہر اے مونگا ، مظہر شفیق اور دیگر بھی موجود تھے
یہ شام CPBC کے لیے ایک اہم سنگِ میل بھی ثابت ہوئی جب اس کے اراکین کے لیے خصوصی مراعات فراہم کرنے کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کو ترکش ائیر لائن کے کنٹری مینجر فتیح تیمیل اور سی پی بی سی کے صدر سمیر دوسل نے باضابطہ شکل دی یہ اقدام کونسل کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے لیے نئی قدر اور مواقع فراہم کرے گا
تقریب کے اختتام پر CPBC کے نائب صدر ظہیر سجن نے معزز مہمانوں، منتظمین اور شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنایا
