کینیڈا نے اپنے امیگریشن نظام کے تحت ایکسپریس انٹری کے مخصوص راؤنڈز کے ذریعے مختلف شعبوں میں ہنر مند افراد کو مستقل رہائش اور روزگار کے مواقع کی دعوت دی ہے۔
حکام کے مطابق ان دعوتی راؤنڈز میں ایسے امیدواروں کو ترجیح دی جاتی ہے جو کینیڈا کی لیبر مارکیٹ کی فوری ضروریات کو پورا کر سکیں۔
فی الحال جن شعبوں کے ماہرین کی طلب زیادہ ہے ان میں ڈاکٹرز اور میڈیکل محققین، سینئر مینیجرز، فرانسیسی زبان بولنے والے ورکرز، صحت اور سماجی خدمات کا عملہ، ہنرمند افراد، اساتذہ، سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (STEM) کے ماہرین اور ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ افراد شامل ہیں۔
اس نظام کے تحت امیدواروں کا انتخاب ان کی تعلیمی قابلیت، کام کے تجربے اور زبان کی مہارت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔
کینیڈین حکومت پہلے سے ان کیٹیگریز کا اعلان کرتی ہے تاکہ اہل افراد بروقت اپنی درخواستیں تیار کر سکیں۔
منتخب ہونے والے امیدواروں کو ایکسپریس انٹری کے تحت 60 دن کے اندر اپنی مکمل درخواست جمع کرانا ہوتی ہے، جس کے بعد ان کی مستقل رہائش (PR) کے لیے جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
