ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے اعلان کیا ہے کہ اس کے میزائلوں نے اسرائیل کے قلب میں واقع 100 سے زائد فوجی اور سیکیورٹی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا، جو سابق ایرانی اسپیکر اور سیکیورٹی چیف علی لاریجانی اور ان کے ساتھیوں کے قتل کا بدلہ ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے بیان میں دعویٰ کیا کہ ان اہداف کو نشانہ بنایا جا سکا کیونکہ اسرائیل کا کثیرالجہتی اور جدید دفاعی نظام ناکارہ ہو چکا تھا۔ ایران کی طرف سے اس انتقامی کارروائی میں خرمشہر-4، قدر، عماد اور خیبر شکن میزائل استعمال کیے گئے۔
اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق تل ابیب کے ضلع رامات گان میں گرنے والے ملبے کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک خاتون ہلاک ہوئے، جبکہ متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایران نے حاج قاسم میزائلوں کا استعمال کرتے ہوئے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر حملے کیے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
