آسکر ایوارڈز 2029 میں بڑی تبدیلی متوقع

Spread the love

فلمی دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر ایوارڈز، آسکر ایوارڈز، ایک نئے دور میں داخل ہونے جا رہے ہیں، جہاں 2029 سے تقریب کے مقام اور نشریاتی نظام میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برسوں سے یہ شاندار تقریب لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں منعقد ہوتی رہی ہے، تاہم 2029 میں اسے شہر کے ڈاؤن ٹاؤن میں واقع ایل اے لائیو کمپلیکس منتقل کیے جانے کا امکان ہے، جو ایک جدید اور وسیع مقام تصور کیا جاتا ہے۔

نئے انتظامات کے تحت ریڈ کارپٹ، مرکزی اسٹیج، میڈیا کوریج اور بعد از تقریب تقریبات ایک ہی جگہ منعقد کرنے کی سہولت میسر ہوگی، جس سے ایونٹ کو مزید منظم اور شاندار بنانے میں مدد ملے گی۔ اس مقام پر موجود تھیٹر اس وقت پیکاک تھیٹر کے نام سے جانا جاتا ہے، تاہم مستقبل میں اس کا نام تبدیل کیے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ان تبدیلیوں کے نتیجے میں شائقین اور مداحوں کے لیے مزید گنجائش فراہم کی جائے گی، جس سے زیادہ افراد کو اس عالمی سطح کی تقریب کو قریب سے دیکھنے کا موقع مل سکے گا۔

مزید یہ کہ 2029 سے آسکر ایوارڈز کی نشریات کے انداز میں بھی بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ تقریب دنیا بھر میں یوٹیوب پر مفت نشر کی جائے گی، جبکہ امریکا میں اسے یوٹیوب ٹی وی پر بھی دیکھا جا سکے گا، جس سے اس کی عالمی رسائی مزید وسیع ہو جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے