بینک آف امریکا نے مبینہ جنسی اسمگلنگ نیٹ ورک سے متعلق ایک اجتماعی مقدمے کے تصفیے کے لیے 72.5 ملین ڈالر ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق یہ پیش رفت جمعہ کے روز سامنے آئی۔
بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ جیفری ایپسٹین کے جرائم میں معاونت کے الزامات کو تسلیم نہیں کرتا، تاہم یہ تصفیہ معاملے کو آگے بڑھانے اور مدعیان کو مالی ریلیف فراہم کرنے میں مدد دے گا۔
یہ مقدمہ ایک نامعلوم خاتون کی جانب سے دائر کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ بینک کے بعض عہدیداروں نے ایپسٹین کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق انتباہی اشاروں کے باوجود اسے مالی سہولیات فراہم کیں۔
عدالتی منظوری کے بعد یہ معاہدہ طویل قانونی کارروائی سے بچنے کا ذریعہ بنے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جے پی مورگن چیز اور ڈوئچے بینک بھی اسی نوعیت کے مقدمات میں 2023 میں لاکھوں ڈالر کے تصفیوں پر رضامند ہو چکے ہیں۔
جیفری ایپسٹین 2008 میں ایک مجرمانہ کیس میں سزا یافتہ قرار دیا گیا تھا اور 2019 میں جیل میں اس کی موت واقع ہوئی، جس کے بعد اس کیس سے جڑے مالی اور سماجی روابط پر متعدد سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
