اسلام آباد مذاکرات؛ امریکا-ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد مذاکرات جاری

Spread the love

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد پہلی بار پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں اہم مذاکرات جاری ہیں، جہاں دونوں فریقین براہ راست ایک میز پر بیٹھے ہیں۔

پاکستان ٹیلی وژن کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے یہ تاریخ ساز امن مذاکرات دوسرے روز میں داخل ہو گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اعلیٰ سطحی وفود کی موجودگی اور پاکستان کی سفارتی کوششوں نے خطے میں جنگ بندی اور پائیدار امن کی امیدوں کو مزید تقویت دی ہے، جبکہ عالمی برادری کی نظریں ان مذاکرات کے نتائج پر مرکوز ہیں۔

امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، جن کے ہمراہ جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کی معاشی، سیاسی اور قانونی ٹیکنیکل کمیٹیاں بھی بات چیت کا حصہ ہیں، جہاں ماہرین مختلف امور پر مشاورت کر رہے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے دونوں وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور مذاکراتی عمل کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا اور اس تنازع کے مثبت اور دیرپا حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے