کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر جہانداد خان پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے راولپنڈی کے خلاف میچ کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جہانداد خان نے ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کی، جس کا تعلق ایسے الفاظ، اشاروں یا رویے سے ہے جو بلے باز کو اشتعال دلانے یا غیر مناسب ردعمل پر اکسا سکتے ہیں۔
واقعہ 18ویں اوور کی دوسری گیند پر اس وقت پیش آیا جب انہوں نے سعد مسعود کو آؤٹ کرنے کے بعد غیر مناسب ردعمل ظاہر کیا، جسے قوانین کے منافی قرار دیا گیا۔
آن فیلڈ امپائرز نے اس معاملے پر رپورٹ درج کی، جسے کھلاڑی نے تسلیم کر لیا، جبکہ میچ ریفری کی جانب سے عائد کی گئی سزا کو بھی قبول کر لیا گیا۔
