وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک میں مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اتحاد کے فروغ پر زور دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں حکومت اور عوام برابر کے شریک ہیں، جبکہ پاکستان میں بسنے والی یہ برادری امن پسند اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے قیامِ پاکستان میں بھی نمایاں کردار ادا کیا اور آج بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، جن پر عملدرآمد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ پنجاب میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں گرانٹس اور ترقیاتی فنڈز میں اضافہ اور “مینارٹی کارڈ” کے ذریعے مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر امید، محبت اور نئے آغاز کی علامت ہے، جو ہمیں برداشت، رواداری اور امن کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا قومی یکجہتی کے لیے ناگزیر ہے۔
