خیرپور میں بچوں میں منکی پاکس وبا کی تصدیق کردی گئی

Spread the love

سندھ کے ضلع خیرپور میں بچوں میں منکی پاکس کے کیسز کی تصدیق سامنے آئی ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق سندھ پبلک ہیلتھ لیبارٹری نے تین بچوں میں منکی پاکس کی تصدیق کی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ بچوں میں گزشتہ 12 روز سے علامات ظاہر ہو رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر ان بچوں کو جلدی بیماری یا اسکن انفیکشن قرار دیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں جب نمونے کراچی بھیجے گئے تو لیبارٹری ٹیسٹ میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی۔

متاثرہ بچوں کی عمریں ایک سال سے بھی کم بتائی جا رہی ہیں، جبکہ ان کی حالت تشویشناک قرار دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ بیماری ایک فرد سے دوسرے فرد میں آسانی سے منتقل ہو سکتی ہے، جس کے باعث اس کے پھیلاؤ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بچوں میں ابتدا میں چکن پاکس سے ملتی جلتی علامات ظاہر ہوئیں، تاہم علاج کے باوجود حالت بہتر نہ ہوئی جس پر مزید ٹیسٹنگ کی گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کیسز کی تصدیق کے بعد صورتحال کی نگرانی شروع کر دی گئی ہے اور متاثرہ علاقے میں احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

ماہرین صحت نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ بچوں میں کسی بھی قسم کی جلدی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر مستند طبی مشورہ حاصل کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے