آئی ایم ایف سے قرض کیلئے مذاکرات مکمل، چند روز میں معاہدے کا اعلان متوقع

Spread the love

پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کے تحت 1.2 ارب ڈالر کی اگلی قسط سے متعلق تیسرے اقتصادی جائزے پر مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، جبکہ آئندہ چند روز میں اسٹاف لیول معاہدے کے اعلان کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن کی جانب سے اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کے مسودے پر پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین کے درمیان مزید مشاورت کے بعد اتفاقِ رائے متوقع ہے۔ معاہدے کے بعد وفاقی وزیر خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کی جانب سے باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق معاہدے کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں پاکستان کے اقتصادی جائزے کی منظوری اور اگلی قسط کی فراہمی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

مذاکرات میں ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن بڑھانے، مالی نظم و ضبط بہتر بنانے اور بجٹ خسارے میں کمی جیسے اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ترقیاتی اخراجات میں کٹوتی اور پیٹرولیم لیوی میں ممکنہ اضافے جیسے اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

مزید یہ کہ سرکاری اداروں کے سربراہان کی تقرری کے طریقہ کار، توانائی شعبے کے گردشی قرضے اور دیگر اصلاحاتی اقدامات بھی بات چیت کا حصہ رہے۔ آئی ایم ایف نے معاشی صورتحال پر علاقائی کشیدگی کے اثرات کا بھی جائزہ لیا ہے۔

رئیل اسٹیٹ سیکٹر سے متعلق ٹیکس میں نرمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، تاہم ان پر پیش رفت آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے