اسلام آباد: ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات میں بعض امور پر پیش رفت ضرور ہوئی ہے، تاہم اہم نکات پر اختلافات برقرار رہنے کے باعث کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پا سکا۔
اپنے بیان میں انہوں نے مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت ایک اہم سفارتی کوشش تھی، جس میں حساس اور بنیادی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز، ایران کے جوہری پروگرام، جنگی ہرجانے اور پابندیوں کے خاتمے جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔ اس کے علاوہ خطے میں کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن کے قیام کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق اگرچہ مکمل اتفاق رائے نہیں ہو سکا، تاہم مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی گئی ہے۔
