حکومتی فیصلوں کی بدولت ملکی ضروریات کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے، وزیراعظم

Spread the love

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں پیٹرولیم مصنوعات ملکی ضروریات کے مطابق مناسب مقدار میں دستیاب ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ حالات میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی گئی ہے اور گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ممکنہ حد تک شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلوں کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی تسلی بخش سطح پر برقرار ہے۔ وزیراعظم کے مطابق تیل کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی، جو مختلف شعبوں میں بچت اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے ذریعے ممکن بنائی گئی۔

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کفایت شعاری مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاتر اور کام کی جگہوں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو فروغ دیا جائے تاکہ توانائی کی بچت ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومتیں موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن اپنے نام منتقل کرنے میں سہولت فراہم کریں، تاکہ ملک بھر میں ان گاڑیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔

ویڈیو لنک اجلاس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، عطا تارڑ، مصدق ملک، احسن اقبال، شزا فاطمہ خواجہ اور اویس لغاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ معاون خصوصی طارق باجوہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے