وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ سندھ کے گورنر کا عہدہ کبھی ایم کیو ایم کے لیے مخصوص نہیں رہا اور اس بارے میں کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ طے یہ تھا کہ بلوچستان اور سندھ کے گورنر ن لیگ سے ہوں گے۔ رانا ثناءاللّٰہ کے مطابق کامران ٹیسوری نگراں حکومت کے دور سے گورنر تھے اور اس وقت فوری تبدیلی ضروری نہیں سمجھی گئی، تاہم اب ایسی صورتحال پیدا ہوئی کہ سندھ کے گورنر کی تبدیلی ناگزیر ہو گئی۔رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے سندھ کے گورنر سے متعلق کوئی مطالبہ نہیں تھا، اور کراچی کے دیگر معاملات میں ایم کیو ایم کی خواہشات کو پورا کیا گیا۔ گورنر سندھ کے تعین میں ایم کیو ایم نے اعتراض نہیں کیا۔وزیراعظم کے مشیر نے ایران اور مسلم ممالک کے تعلقات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو کسی صورت سعودی عرب یا دیگر مسلم ممالک کو ٹارگٹ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی حالیہ گفتگو ایرانی صدر سے ہوئی اور اسی سلسلے میں سعودی عرب کا دورہ بھی کیا گیا، اور اسلام آباد ریاض کے ساتھ دفاعی معاہدے کے پابند ہیں۔رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ امید ہے کہ سعودی عرب اور ایرانی صدر سے بات کے بعد معاملات بہتر ہوں گے، اور سعودی عرب نے خود ری ایکٹ نہیں کیا، تو دوسرے سے بھی ایسی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان پر قبضہ یا نقصان نہیں چاہتا، بلکہ اپنا نقصان ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہوگا کبھی یہ وعدہ نہیں ہوا، رانا ثناء
