حیدرآباد کنگز مین کے کھلاڑی صائم ایوب نے کہا ہے کہ موجودہ فارم کو وہ “بیڈ پیچ” نہیں سمجھتے بلکہ اسے اپنے کیریئر کا ایک چیلنج قرار دیتے ہیں۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم کے ساتھ ماحول ان کی توقعات سے بہتر ہے اور وہ نئی ٹیم میں شامل ہو کر کافی پرجوش ہیں۔ ان کے مطابق اسکواڈ میں ایسے کھلاڑی شامل ہیں جن کے ساتھ وہ پہلے بھی کھیل چکے ہیں، جن میں ڈومیسٹک اور بیرون ملک کھیلنے والے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم کا مجموعی ماحول خوشگوار اور دوستانہ ہے جبکہ کپتان بھی خوش مزاج شخصیت کے مالک ہیں، جس سے ٹیم میں مثبت فضا قائم ہے۔
صائم ایوب نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے توقعات ہمیشہ زیادہ ہوتی ہیں، اور اس بار بھی ٹیم کی حکمت عملی جارحانہ کرکٹ کھیلنے کی ہے۔ ان کے مطابق بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مثبت اور اٹیکنگ اپروچ اپنانے پر زور دیا جا رہا ہے۔
اپنی حالیہ کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صائم ایوب نے کہا کہ وہ اسے ناکامی نہیں بلکہ سیکھنے کا مرحلہ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کیریئر میں ایسے مراحل آتے رہتے ہیں اور وہ نتائج کے بجائے عمل (پراسس) پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنا سکیں۔
