ترکیہ اور کینیڈا نے دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لے جانے اور تجارت، توانائی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ اتفاق رائے ترک صدر رجب طیب اردوان اور کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی کے درمیان جمعرات کو انقرہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران ہوا۔ کینیڈا کے کسی وزیراعظم کا ترکیہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو سٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر لے جایا جا رہا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان محدود روابط کے کئی سال بعد دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے۔کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی نے بھی دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کے آغاز کی تصدیق کی۔
ترک صدر نے بتایا کہ دونوں ممالک نے دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جبکہ توانائی، نقل و حمل، تجارت اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں نئے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب کینیڈا امریکا کے ساتھ تجارتی کشیدگی کے تناظر میں اپنی اقتصادی شراکت داریوں کو متنوع بنانے اور نئی منڈیوں کے ساتھ روابط بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
