بھارتی اداکارہ و ماڈل نصرت بھروچا کو ممبئی کے اسپتال میں کامیاب سرجری کے بعد ڈسچارج کردیا گیا، اب وہ روبصحت ہیں۔
انڈونیشیا کے تفریحی جزیرے بالی میں حادثے کے دوران بھارتی اداکارہ کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا۔
اس حوالے سے 41 سالہ اداکارہ کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ نصرت اب گھر پر صحت یاب ہو رہی ہیں۔ ان کی ٹیم کے مطابق مکمل صحت یابی کے لیے وقت اور مکمل آرام درکار ہوگا۔
فلم پیار کا پنچ نامہ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ حال ہی میں کام اور تفریح کے سلسلے میں بالی، انڈونیشیا کے دورے پر تھیں، جہاں ایک حادثے میں ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا تھا۔
بیرونِ ملک ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں جدید طبی سہولیات اور سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کیا گیا۔ اداکارہ کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ بیان میں کہا گیا، اس بدقسمت حادثے اور ایک مشکل و کٹھن مرحلے سے گزرنے کے بعد اب وہ تیزی روبصحت ہیں۔
