پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز لاہور قلندرز کے کپتان Shaheen Shah Afridi کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار سے پانچ برس ٹیم کے لیے انتہائی کامیاب اور حوصلہ افزا ثابت ہوئے ہیں، جہاں نہ صرف کارکردگی میں تسلسل آیا بلکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی بھرپور مواقع فراہم کیے گئے۔
اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز دیگر ٹیموں کے مقابلے میں پہلے ہی کیمپ کا انعقاد کرتی ہے تاکہ نئے اور پرانے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کو سمجھنے اور ہم آہنگی پیدا کرنے کا موقع مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کامیابی صرف ٹرافی جیتنے تک محدود نہیں بلکہ پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر سے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو سامنے لانا بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والے کئی کھلاڑی نہ صرف فرنچائز بلکہ قومی اور علاقائی سطح پر بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ اس مرتبہ بھی ٹرائلز کے دوران باصلاحیت نوجوان سامنے آئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ ایڈیشن میں ایک سے دو بہترین کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنیں گے، جبکہ آنے والے برسوں میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان سپر لیگ کے آئندہ سیزن میں کئی نئے کھلاڑی، جن میں غیر ملکی کرکٹرز بھی شامل ہیں، ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ مزید یہ کہ نئے گراؤنڈز پر میچز کے انعقاد سے شائقین کرکٹ کا جوش و خروش مزید بڑھے گا اور وہ اس کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں گے۔
