پشاور زلمی کے آل راؤنڈر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی تیاری بہترین انداز میں جاری ہے۔
لاہور میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بطور پروفیشنل کھلاڑی میرا مقصد ہمیشہ قومی ٹیم کے لیے کھیلنا ہے اور میں بہترین آل راؤنڈر بن کر ٹیم میں واپسی کا موقع حاصل کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ پی ایس ایل کی پانچ فرنچائزز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ہر ٹیم پیشہ ورانہ انداز میں کام کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر اپنی کارکردگی دکھاؤں گا تو سب کے سامنے آ جائے گی، کیونکہ پرفارمنس چھپتی نہیں۔ انہوں نے فٹنس کے ساتھ تکنیک پر بھی بھرپور کام کیا ہے۔
افتخار احمد نے یہ بھی کہا کہ پشاور کے شائقین کرکٹ سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے دوران اسٹیڈیم ہمیشہ بھرا ہوتا تھا اور شائقین کے بغیر کھیل کا لطف ادھورا ہوتا ہے، لیکن موجودہ حالات جو ہیں، وہ ہیں۔
