برطانیہ: دل کے مریضوں کو اٹیک اور فالج سے بچاؤ کیلئے وزن کم کرنیوالی دوا دینے کا منصوبہ

Spread the love

برطانوی نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) نے اعلان کیا ہے کہ وہ دل کے امراض اور فالج کے خطرے سے دوچار مریضوں کو وزن کم کرنے کی دوا فراہم کرے گی تاکہ سنگین پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔

این ایچ ایس کے مطابق وزن کم کرنے والا انجیکشن ویگووی (Wegovy) تقریباً 12 لاکھ ایسے افراد کو دیا جائے گا جو موٹاپے کا شکار ہیں اور دل کی بیماریوں کے خطرے میں مبتلا ہیں۔ اس منصوبے کی منظوری برطانیہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ اینڈ کیئر ایکسیلنس (NICE) نے دی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق یہ دوا ان مریضوں کے لیے تجویز کی جائے گی جن کا باڈی ماس انڈیکس (BMI) 27 یا اس سے زیادہ ہو اور وہ پہلے سے دل کے امراض میں مبتلا ہوں۔ ڈاکٹر مریض کی مجموعی صحت اور استعمال ہونے والی دیگر ادویات کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کریں گے۔

کلینیکل تحقیق کے مطابق سیماگلوٹائیڈ نامی جزو پر مبنی یہ دوا دل کے دورے اور فالج کے خطرے کو تقریباً 20 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے فوائد بعض اوقات وزن میں واضح کمی سے پہلے ہی ظاہر ہونا شروع ہو جاتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دل اور خون کی نالیوں پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔

ویگووی ایک ایسا انجیکشن ہے جو بھوک کو کنٹرول کرنے والے ہارمون کی نقل کرتا ہے، جس سے خوراک کی مقدار کم ہوتی ہے اور وقت کے ساتھ وزن میں کمی آتی ہے۔

اس دوا کے ممکنہ ضمنی اثرات میں متلی اور پیٹ پھولنا شامل ہیں، جبکہ مریضوں کو صحت مند غذا اور باقاعدہ ورزش کی بھی ہدایت دی جاتی ہے۔

این ایچ ایس کا منصوبہ ہے کہ اس علاج کا آغاز آئندہ موسم گرما میں کیا جائے گا، اور عام طور پر یہ علاج محدود مدت یعنی تقریباً دو سال تک دیا جائے گا، جب تک مزید تحقیق سے اس کے طویل مدتی اثرات واضح نہیں ہو جاتے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے