لاہور کے علاقے فیز 9 میں سوشل میڈیا انفلوئنسر اسد اسحاق (سد ریپر) کے گھر چوری کی واردات پیش آئی ہے، جس میں نامعلوم ملزم نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لے کر فرار ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر فوری طور پر ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے۔ فرانزک ماہرین نے بھی موقع سے ضروری نمونے حاصل کر لیے ہیں جبکہ ملزم کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی ذرائع سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کی اہلیہ کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش تیز کرتے ہوئے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ایس پی کینٹ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سد ریپر کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ واقعے کے وقت گھر خالی تھا اور واپسی پر انہیں گھر کا سامان بکھرا ہوا ملا۔
ان کے مطابق چور گھر کے تالے توڑ کر داخل ہوئے اور سونا، نقدی، کیمرے سمیت متعدد قیمتی اشیاء لے گئے۔ انہوں نے علاقے میں سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
