چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے روس کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق وانگ یی نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال اور جاری تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے اہم عالمی امور پر رابطہ کاری اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا چاہتا ہے، تاکہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور عالمی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
چینی وزیر خارجہ کے مطابق چین اور روس کو بطور مستقل ارکان، عالمی معاملات میں اصولی، متوازن اور شفاف مؤقف اپنانا چاہیے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر مسائل کا حل تلاش کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے، جس کا واحد پائیدار حل فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی ہے، تاکہ خطے میں امن قائم کیا جا سکے اور اہم تجارتی راستوں کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔
دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی کارروائیوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے اور تنازع کے حل کے لیے سیاسی و سفارتی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس چین کے ساتھ قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے اور دونوں ممالک خطے میں جنگ بندی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
