تحریر: محبوب علی شیخ
صحافی | مصنف | سماجی کارکن
کچھ لوگ تاریخ پڑھتے ہیں، کچھ تاریخ لکھتے ہیں، اور پھر صدیوں میں کبھی کوئی ایسا بھی پیدا ہوتا ہے جو خود تاریخ بن جاتا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو صرف ایک فٹبالر نہیں، بلکہ ایک ایسا عہد ہے جس نے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا ہنر سکھایا۔ وہ اس یقین کا نام ہے کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو قسمت بھی انسان کے سامنے سر جھکا دیتی ہے۔
دنیا نے اس کے گول گنے، اس کے ریکارڈ شمار کیے، اس کی ٹرافیوں پر بحث کی، لیکن شاید ہی کسی نے اس سفر کی قیمت کو محسوس کیا جو اس نے خاموشی سے ادا کی۔ وہ قیمت تھی مسلسل محنت، بے شمار قربانیوں، سخت نظم و ضبط، خود احتسابی اور ہر روز خود کو کل سے بہتر بنانے کی لگن۔
فٹبال کی تاریخ میں عظیم کھلاڑی آئے اور آئیں گے، لیکن رونالڈو جیسے کردار صدیوں میں جنم لیتے ہیں۔ اس کی عظمت صرف اس کے گولوں میں نہیں، بلکہ اس عزم میں ہے جس نے ناممکن کو ممکن بنایا۔ اس نے لاکھوں نوجوانوں کو یہ سبق دیا کہ کامیابی کسی تحفے کا نام نہیں، بلکہ مسلسل جدوجہد کا دوسرا نام ہے۔
گزشتہ 23 برسوں میں شاید ہی کوئی ایسا سال گزرا ہو جب میڈیا نے اسے تنقید کا نشانہ نہ بنایا ہو۔ کبھی اس کے انداز پر اعتراض ہوا، کبھی اس کی عمر پر سوال اٹھے، کبھی کہا گیا کہ اس کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ مگر رونالڈو نے کبھی لفظوں کی جنگ نہیں لڑی۔ اس نے اپنے قدموں سے جواب دیا، اپنی محنت سے جواب دیا، اپنے گولوں سے جواب دیا، اور اپنی کارکردگی سے دنیا کو خاموش کر دیا۔
لیکن آج فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پرتگال کی شکست کے بعد جب شاید اس نے اپنے عالمی کپ کا آخری میچ کھیلا، تو دنیا نے پہلی بار ایک سپر اسٹار نہیں، بلکہ ایک انسان کو دیکھا۔
وہ آنکھیں جو برسوں تک فتح کے خواب دیکھتی رہیں، آج اشکبار تھیں۔ وہ چہرہ جس نے لاکھوں بار مسکراہٹیں بانٹیں، آج خاموش تھا۔ وہ لمحہ صرف ایک کھلاڑی کی شکست کا نہیں تھا، بلکہ ایک عہد کے اختتام کا احساس تھا۔
اس کے آنسو شکست کے نہیں تھے؛ وہ اس عشق کے آنسو تھے جو اس نے پوری زندگی فٹبال سے کیا۔ وہ اس سفر کی نمی تھی جس میں اس نے اپنی جوانی، اپنی توانائی، اپنا سکون، اپنی خوشیاں، اور اپنی پوری زندگی اس کھیل کے نام کر دی۔
رونالڈو نے دنیا کو یہ بھی سکھایا کہ عظمت صرف جیتنے میں نہیں، بلکہ ہار کو بھی وقار کے ساتھ قبول کرنے میں ہے۔
اس کی شخصیت کا سب سے خوبصورت پہلو صرف اس کی غیرمعمولی صلاحیت نہیں، بلکہ اس کی عاجزی، انسان دوستی، اپنے مداحوں سے محبت، اور انسانیت پر یقین ہے۔ شہرت کی بلند ترین چوٹی پر پہنچ کر بھی اس نے یہ ثابت کیا کہ اصل عظمت انسان رہنے میں ہے۔
کل نئے کھلاڑی آئیں گے، نئے ریکارڈ بنیں گے، نئی ٹرافیاں اٹھائی جائیں گی، لیکن کچھ نام صرف اعداد و شمار کا حصہ نہیں بنتے، وہ نسلوں کی یادداشت کا حصہ بن جاتے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو انہی چند ناموں میں سے ایک ہے۔ اگر فٹبال ایک زبان ہے، تو رونالڈو اس زبان کی لازوال شاعری ہے۔اگر محنت کی کوئی تصویر ہوتی، تو وہ رونالڈو ہوتا اگر خوابوں کا کوئی چہرہ ہوتا، تو وہ رونالڈو ہوتا اور اگر عظمت کی کوئی تعریف لکھی جاتی، تو اس میں ایک نام ہمیشہ سنہری حروف میں درج رہتا…
کرسٹیانو رونالڈو۔آپ نے صرف فٹبال نہیں کھیلا، بلکہ کروڑوں دلوں میں امید، حوصلہ، نظم و ضبط اور خوابوں کی روشنی روشن کی۔
آپ میدان سے رخصت ہو سکتے ہیں، مگر تاریخ سے کبھی نہیں۔
سلام، لیجنڈ! محبوب علی شیخ
