تعلیم وہ سب سے طاقتور ہتھیار ہے جس سے دنیا بدلی جا سکتی ہے
سلیم چوہدری، رابرٹ فونٹینا، بیرسٹر صفدر حسین، مرتضیٰ جوئیہ، نوید چوہدری، محبوب علی شیخ اور دیگر کا مشترکہ پیغام
تعلیم، انسانیت اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے کمیونٹی رہنماؤں کا عزم ، سلیم چوہدری اور رابرٹ فونٹینا کے لیے اعزاز
خصوصی رپورٹ: محبوب علی شیخ
کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں ڈکسی الیکٹرونکس اینڈ اپلائنسس کے چیف ایگزیکٹو سلیم چوہدری کی جانب سے صحافیوں، کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں تعلیم کے فروغ، چائلڈ لیبر کے خاتمے، کمیونٹی ویلفیئر اور عالمی سطح پر انسان دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تقریب میں مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا بھر میں تقریباً 138 ملین (13 کروڑ 80 لاکھ) بچے چائلڈ لیبر کا شکار ہیں اور ان لاکھوں بچوں کو تعلیم کی روشنی فراہم کرنا پوری انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
تقریب کے میزبان سلیم چوہدری نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدقہ و خیرات اور تعلیم سے بڑھ کر کوئی سرمایہ نہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے سے شہر سے گورنمنٹ کالج لاہور، پھر یو ای ٹی لاہور اور بعد ازاں کیلیفورنیا اسٹیٹ یونیورسٹی تک کا سفر صرف تعلیم کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی خدمت اور تعلیم کا فروغ ان کی زندگی کی اولین ترجیح ہے۔
معروف سینئر صحافی اور مصنف رابرٹ فونٹینا نے کہا کہ تعلیم غربت، ناانصافی اور محرومی کے خلاف سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمت قومیں وہ ہیں جو اپنے ہر بچے کو تعلیم کا حق دیتی ہیں، جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں لاکھوں بچے آج بھی بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ انہوں نے تعلیمی مواقع بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
بیرسٹر صفدر حسین نے کہا کہ سلیم چوہدری کمیونٹی کا ایک مضبوط ستون ہیں جو ہر فلاحی منصوبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور صدقۂ جاریہ کی بہترین شکل بھی علم کو عام کرنا ہے۔
این ای ڈی المنائی کینیڈا کے سابق صدر عمران احمد نے بتایا کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں مستحق طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانی اس نیک مقصد میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ کوئی باصلاحیت طالب علم صرف مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہے۔
وی آر کمیونٹی کے بانی رکن مرتضیٰ جوئیہ نے کہا کہ کمیونٹی کی خدمت ہی اصل کامیابی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ فلسطینی عوام کی طبی امداد کے لیے لاکھوں ڈالر جمع کیے گئے، جو اجتماعی خدمت کے جذبے کی بہترین مثال ہے۔
پاک پائینیر کے بانی نوید چوہدری نے کہا کہ تعلیم، صحت اور کمیونٹی ویلفیئر کے ہر منصوبے میں اجتماعی کردار ہی معاشرے کو مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے دور دراز علاقوں میں مستحق بچوں کو کتابیں اور تعلیمی سامان فراہم کرنے کے کئی منصوبے جاری ہیں۔
اس موقع پر صحافی، مصنف اور عالمی انسان دوست کارکن محبوب علی شیخ نے کہا کہ میرا مشن صرف سیاست ، کھیل ، معیشت ، سیاحت ، شوبز ، تعلیم اور صحت کی رپورٹنگ تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر میں چائلڈ لیبر کا شکار تقریباً 138 ملین بچوں تک تعلیم کی روشنی پہنچانا بھی ہے، کیونکہ تعلیم وہ سب سے طاقتور ہتھیار ہے جس کے ذریعے دنیا کو بدلا جا سکتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ 2014 سے فیفا ورلڈ کپ کی آفیشل فٹبالز پاکستان میں تیار کی جا رہی ہیں اور پاکستانی ہنرمندوں کی یہ کامیابی پوری دنیا کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ فیفا ورلڈ کپ کی آفیشل پاکستانی فٹبال ان شخصیات اور اداروں کو بطور تحفہ پیش کرتے رہیں گے جو تعلیم اور انسانی خدمت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، تاکہ کھیل اور تعلیم دونوں کو ایک مشترکہ عالمی پیغام بنایا جا سکے۔
تقریب کے دوران محبوب علی شیخ نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں استعمال ہونے والی پاکستان میں تیار کردہ آفیشل فٹبال سلیم چوہدری کو ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں بطور تحفہ پیش کی، جبکہ سلیم چوہدری نے معروف سینئر صحافی رابرٹ فونٹینا کو اعزازی میڈل پیش کیا۔
اس موقع پر معروف صحافی اشرف خان لودھی، اسفر رضوی، معاوذ صدیقی سمیت متعدد صحافیوں اور کمیونٹی رہنماؤں کا تعارف بھی کرایا گیا۔ تقریب میں فاروق ملک، افتخار قریشی، ظہور بھٹہ، جاوید چوہدری اور دیگر ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔
تقریب اس مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ ہر بچے تک تعلیم کی روشنی پہنچانا، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے آواز بلند کرنا، اور کھیل، تعلیم اور انسانیت کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنا ہی ایک بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
