بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے انھیں اپنے لیے بڑے بھائی جیسی شخصیت قرار دیا، جو مسلسل ان کی اور ان کے اداکاری کے کیریئر کو سپورٹ کرتے رہے ہیں۔
اداکار بننے سے پہلے کے تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے ابھیشیک نے کہا کہ شاہ رخ نے نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ کئی مواقع پر لفظی طور پر ان کی ذاتی ذمہ داری بھی لی، جس میں ان کی آنے والی فلم کنگ بھی شامل ہے۔
ایک برطانوی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 50 سالہ ابھیشیک کا کہنا تھا کہ ہم دونوں نے اکٹھے کرکٹ بھی کھیلی ہے، فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے میں اتوار کے روز اودے چوپڑا کے گھر جایا کرتا تھا، جہاں، سکندر کھیر اور ریتک روشن اور اودے کے ساتھ کرکٹ کھیلا کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان بھی کبھی کبھار ان کے ساتھ شامل ہوجاتے تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ میرے فن اور کیریئر دونوں کے لیے بہت زیادہ معاون رہے۔ انھوں نے کہا وہ اور ان کے دوست اداکار بننے کے خواہش مند تھے، اس لیے وہ اکثر شاہ رخ سے اداکاری اور فلمی صنعت کے بارے میں بات کیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ ابھیشیک نے شاہ رخ سے پوچھا کہ ان کی اپنی کون سی فلم انہیں سب سے زیادہ پسند ہے۔
