کینیڈا میں بھتہ خوروں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن! 111 افراد ملک بدر، 188 ریموول آرڈرز جاری 

Spread the love

گریٹر ٹورنٹو سمیت کینیڈا بھر میں کارروائی تیز  ، بھتہ خوری اور جرائم سے مبینہ روابط رکھنے والے غیر ملکی شہری CBSA کے ریڈار پرآگئے 

رپورٹ : محبوب علی شیخ 

کینیڈا میں جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کو بھتہ خوری، دھمکیوں اور تشدد سے محفوظ رکھنے کے لیے وفاقی سطح پر بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران 111 افراد کو کینیڈا سے ملک بدر کیا جا چکا ہے، جبکہ بھتہ خوری سے منسلک غیر ملکی شہریوں کے خلاف 188 ریموول آرڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

کینیڈین بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) کے مطابق گزشتہ سال اگست سے شروع ہونے والی کارروائی کے تحت ملک بدر کیے گئے افراد میں 58 کیسز پیسیفک ریجن، 30 پریریز اور 23 گریٹر ٹورنٹو ایریا سے متعلق ہیں۔

کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی  نے اگست 2025 میں مغربی کینیڈا میں بھتہ خوری کے واقعات سے مبینہ طور پر منسلک امیگریشن اور پناہ گزینوں کے کیسز کی نشاندہی کے لیے اضافی وسائل مختص کیے تھے، جبکہ نومبر 2025 میں اس کارروائی کا دائرہ اونٹاریو تک وسیع کر دیا گیا۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ بھتہ خوری یا تشدد میں ملوث غیر ملکی شہریوں نے کینیڈا کے امیگریشن اینڈ ریفیوجی قوانین کی خلاف ورزی کی یا نہیں۔

CBSA کے مطابق منظم جرائم یا دیگر مجرمانہ سرگرمیوں سے معلوم روابط رکھنے والے غیر ملکی شہریوں کے خلاف امیگریشن قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔ کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی کے مطابق اب تک جاری کیے گئے 188 ریموول آرڈرز میں برٹش کولمبیا سے 91, گریٹر ٹورنٹو ائیریا سے 50 جبکہ پریریز سے 47 شامل ہیں 

حکام کے مطابق حالیہ کیسز میں اسلحے سے متعلق سرگرمیوں، سنگین جرائم اور مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں کے شواہد سامنے آنے کے بعد چار افراد کو Immigration and Refugee Protection Act کی خلاف ورزی پر کینیڈا سے ملک بدر کیا گیا۔

کینیڈا میں جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کے خلاف بھتہ خوری اور دھمکیوں کے حوالے سے لارنس بشنوئی گینگ کا نام بھی سامنے آتا رہا ہے۔ وفاقی حکومت نے ستمبر 2025 میں اس گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

پبلک سیفٹی کینیڈا کے مطابق گروپ پر بھتہ خوری اور دھمکیوں کے ذریعے خوف پیدا کرنے کے الزامات ہیں، جبکہ اسے قتل، فائرنگ اور آتش زنی سمیت مختلف جرائم سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔

برٹش کولمبیا کا شہر سرے بھی اس بحران سے شدید متاثرہ علاقوں میں شامل ہے۔ پولیس کے مطابق رواں سال اب تک وہاں 139 بھتہ خوری کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جبکہ 21 فائرنگ اور 2 آتش زنی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسینے تاہم ملک بدر کیے جانے والے افراد کے آبائی ممالک ظاہر نہیں کیے۔

یہ کارروائی جنوبی ایشیائی کمیونٹیز کے خلاف نہیں بلکہ مبینہ مجرمانہ سرگرمیوں سے منسلک غیر ملکی شہریوں کے خلاف امیگریشن قانون کے تحت کی جا رہی ہے۔ CBSA کے مطابق کیسز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری ایجنسیوں، اپنی تحقیقات اور عوام سے ملنے والی معلومات کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے