دھمکیوں اور پابندیوں کا دور ختم ہورہا ہے، ایران کو تنہا کرنے کی امریکی مہم پر تہران برہم

Spread the love

ایران نے امریکا کی جانب سے دیگر ممالک پر تہران کے ساتھ اقتصادی تعلقات محدود کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد ممالک اپنے مفادات اور ترجیحات کے مطابق ایران کے ساتھ تعلقات کا فیصلہ خود کریں گے۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے اس مؤقف پر ردعمل دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا نے مختلف ممالک پر ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کے لیے اپنے نمائندے بھیجے ہیں۔غریب آبادی نے کہا کہ امریکی وزیر خزانہ ایسے انداز میں بات کر رہے ہیں جیسے پوری دنیا امریکا کا ’پچھواڑا‘ ہو۔ ان کے مطابق خودمختار حکومتیں ایران کے ساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کا فیصلہ اپنے مفادات کی بنیاد پر کرتی ہیں، نہ کہ امریکی محکمہ خزانہ کے احکامات پر۔ایرانی نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دھمکیوں اور پابندیوں کے ذریعے اپنی مرضی دوسروں پر مسلط کرنے کا دور ختم ہونے کے قریب ہے۔ ان کا یہ بیان امریکا کی جانب سے ایران کی فضائی اور مالی سرگرمیوں پر دباؤ بڑھانے کی حالیہ کوششوں کے بعد سامنے آیا ہے۔امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے حال ہی میں کہا تھا کہ ان کی ہدایت پر مختلف ممالک سے رابطوں کے لیے ٹیمیں دنیا بھر میں بھیجی گئی ہیں اور واشنگٹن ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے