امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کی ایک اور اہم جغرافیائی جگہ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز دے دی، اس بار ان کا ہدف آبنائے ہرمز ہے، جہاں سے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور سوال اٹھایا کہ کیوں نہ اس کا نام تبدیل کر کے ٹرمپ اسٹریٹ رکھ دیا جائے؟
بعدازاں وائٹ ہاؤس نے بھی خلیج کا ایک نقشہ سوشل میڈیا پر جاری کیا، جس میں آبنائے ہرمز کے لیے ٹرمپ کی تجویز کردہ ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی، وائٹ ہاؤس نے نقشے کے ساتھ لکھا کہ اس نام کی آواز اچھی لگتی ہے۔
ٹرمپ اپنی دوسری مدتِ صدارت کے دوران بین الاقوامی آبی گزرگاہوں اور جغرافیائی مقامات کے نام تبدیل کرنے کی تجاویز دیتے رہے ہیں، جن میں بعض کو دوسرے ممالک کو چھیڑنے یا طنز کے طور پر بھی دیکھا گیا۔
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ اب جبکہ یہ ہمارے یعنی امریکا کے کنٹرول میں ہے، کیا ہمیں آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کر کے ’ٹرمپ اسٹریٹ‘ رکھ دینا چاہیے؟ امریکا کی طرح یہ بھی پہلے سے کہیں زیادہ ’ہاٹ‘ ہو گا۔
