شادی کی تقریبات میں ڈانس کرکے 4 لاکھ تک کما لیتا ہوں، راہول رائے نے مالی مشکلات کا ذکر چھیڑ دیا

Spread the love

بالی ووڈ کے سینئر اداکار راہول رائے جو بگ باس کے پہلے سیزن کے فاتح بھی رہ چکے ہیں، 2020 میں برین اسٹروک کا شکار ہوئے جس کے بعد انھوں نے اپنا  کیریئر دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی اس دوران انھیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے 58 سالہ اداکار نے بتایا کہ بعض اوقات وہ شادی کی تقریبات میں ڈانس کرکے 2 سے 4 لاکھ روپے تک کما لیتے ہیں۔ 

ایک حالیہ انٹرویو میں راہول نے کہا کہ برین اسٹروک کے بعد ان کے لیے کام حاصل کرنا مشکل ہوگیا تھا، اس لیے حالات سے نبرد آزما ہونے کے لیے جو بھی مواقع ملے ہیں قبول کیا۔

انھوں نے اس موقع پر ان مشکلات کا بھی ذکر کیا جن کا وہ اس وقت سامنا کر رہے ہیں۔ جن میں ان کے اپنے بھائی کے ساتھ 30 لاکھ روپے سے متعلق قانونی تنازع بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی طلاق کے بعد کی مالی صورتحال کے بارے میں بھی بات کی۔ راہول کے مطابق علیحدگی کے دوران انہوں نے اپنے اثاثے اہلیہ کے نام منتقل کر دیے تھے جس کے بعد اب وہ مالی حالات کو دوبارہ بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ میں 60 سال کی عمر میں اپنی سلطنت دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ شادیوں میں ڈانس کرنے کی ان کی وائرل ویڈیوز پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا میرے اخراجات ہیں اور مجھے پیسوں کی ضرورت ہے۔ فالج نے ان کے کیریئر پر گہرا اثر ڈالا اور گزشتہ چند برسوں کا زیادہ تر وقت صحتیاب ہونے میں گزر گیا، جس کے باعث وہ اتنا کام نہیں کر سکے جتنا وہ کرنا چاہتے تھے۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے