پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے ملک کی موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں حکومت، معیشت اور کرکٹ سے اب زیادہ امیدیں وابستہ نہیں رہیں۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عام آدمی اپنی محنت اور وسائل کے سہارے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، جبکہ بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی مسلسل متاثر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق جب کسی گھر میں خوراک کی کمی ہو تو سب سے پہلے توجہ بقا پر ہوتی ہے، ایسے میں حقوق کے لیے آواز اٹھانا مشکل ہو جاتا ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ عوام کو مختلف مسائل میں الجھا کر رکھا جاتا ہے، جس کے باعث وہ اپنے بنیادی حقوق کے لیے مؤثر انداز میں آواز بلند نہیں کر پاتے۔
اپنی ذاتی صورتحال بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پوش علاقے میں رہائش پذیر ہونے کے باوجود گیس اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق بارشوں کے بعد سے گیس کی فراہمی متاثر ہے جبکہ پانی ٹینکر کے ذریعے حاصل کرنا پڑتا ہے اور بجلی کے بھاری بل بھی ایک بڑا مسئلہ ہیں۔
فضیلہ قاضی کا کہنا تھا کہ پہلے کے مقابلے میں اب سہولیات کم اور اخراجات زیادہ ہو گئے ہیں، جس کے باعث زندگی مزید مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی امیدیں اب صرف اللہ سے وابستہ ہیں اور وہ اسی سے بہتری کی توقع رکھتی ہیں۔
