برامپٹن میں نارتھ امریکہ کے سب سے بڑے انڈور کرکٹ ڈوم کا افتتاح
میئر پیٹرک براؤن، ریجنل کونسلر گیل مائلز اور سٹی کونسلر راڈ پاور نے جدید کرکٹ ڈوم کا افتتاح کر دیا؛ سردیوں میں بھی کرکٹ سرگرمیاں جاری رہیں گی، نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔
رپورٹ: محبوب علی شیخ
کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ اور کھیلوں کے جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ شہر برامپٹن میں نارتھ امریکہ کے سب سے بڑے مکمل طور پر ڈھکے ہوئے کرکٹ ڈوم کا افتتاح کر دیا گیا، جس سے اب سرد موسم میں بھی کرکٹ کے شائقین، نوجوان کھلاڑیوں اور مقامی ٹیموں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
اس موقع پر میئر برامپٹن پیٹرک براؤن نے ریجنل کونسلر گیل مائلز (Gael Miles) اور سٹی کونسلر راڈ پاور (Rod Power) کے ہمراہ کرکٹ ڈوم کا افتتاح کیا۔ تقریب میں کمیونٹی کے نمائندوں، کونسلرز اور کرکٹ سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی اور برامپٹن میں کرکٹ کے روشن مستقبل کے حوالے سے اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا۔
افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ برامپٹن میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے اور شہر کی انتظامیہ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں فٹ بال، ہاکی اور دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں سال بھر جاری رہتی ہیں، تاہم شدید سردی اور برف باری کے باعث آؤٹ ڈور کرکٹ کی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں۔ اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے انڈور کرکٹ ڈوم کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے تاکہ کھلاڑی موسم کی سختیوں سے بے نیاز ہو کر اپنی پریکٹس اور کھیل جاری رکھ سکیں۔
میئر پیٹرک براؤن کے مطابق یہ جدید سہولت نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ نوجوانوں کو کھیل کی طرف راغب کرنے، مقامی ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے اور کمیونٹی میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
میئر آف سٹی آف برامپٹن پیٹرک براؤن کے مطابق، Earnscliffe Park میں قائم اس کرکٹ منصوبے پر تقریباً 20 ملین کینیڈین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ شہر کے 2025 کے بجٹ کا حصہ ہے اور برامپٹن کی پہلی مخصوص سال بھر استعمال کے لیے تیار کی جانے والی کرکٹ سہولت ہے۔
اس جدید کرکٹ کمپلیکس میں ٹرف کرکٹ فیلڈ، پانچ لین پر مشتمل بیٹنگ کیجز، کھلاڑیوں کے لیے پویلین، واش رومز اور چینج رومز جیسی سہولیات شامل ہیں۔ موسمِ خزاں اور سرما میں کھیل جاری رکھنے کے لیے یہاں مکمل طور پر ڈھکا ہوا موسمی ڈوم بھی فراہم کیا گیا ہے۔
یہ سہولت مقامی کرکٹ لیگوں، نوجوان کھلاڑیوں اور مختلف کرکٹ تنظیموں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کے مزید مواقع فراہم کرے گی۔
برامپٹن پہلے ہی کینیڈا میں کرکٹ کے نمایاں مراکز میں شمار ہوتا ہے۔ شہر میں متعدد کرکٹ گراؤنڈز، مقامی ٹورنامنٹس اور بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد نے اس کھیل کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔
شہر کی انتظامیہ مقامی کرکٹ سہولیات میں لائٹنگ اور دیگر بہتریوں کے لیے بھی سرمایہ کاری کر رہی ہے، جبکہ برامپٹن میں بین الاقوامی معیار کی کرکٹ گراؤنڈ کی تیاری سمیت مزید منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔
کرکٹ ڈوم کا افتتاح اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ برامپٹن میں کرکٹ کو صرف گرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے اسے سال بھر جاری رکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
کرکٹ کے شائقین اور مقامی کمیونٹی کے لیے یہ منصوبہ ایک نئی امید بن کر سامنے آیا ہے۔ جدید انڈور سہولت کے ذریعے نوجوان کھلاڑی باقاعدگی سے پریکٹس کر سکیں گے، مقامی ٹیموں کو کھیلنے کے لیے مزید وقت میسر آئے گا اور کینیڈا میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔
برامپٹن میں کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر یہ منصوبہ شہر کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم اضافہ ہے، جو کمیونٹی کی شمولیت، نوجوانوں کی تربیت اور کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
برامپٹن میں جدید کرکٹ ڈوم کا افتتاح اس بات کی علامت ہے کہ کینیڈا میں کرکٹ اب محض موسمِ گرما کا کھیل نہیں رہا، بلکہ اسے سال بھر فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں
