کراچی: پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے سری لنکن کرکٹر کوشل مینڈس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے دوران ایک سوال پر خاموشی اختیار کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں زلمی کی فتح کے بعد جب ان سے گزشتہ برس پی ایس ایل سے دستبرداری اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شمولیت کے فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ جواب دینے کے بجائے مسکراتے رہے اور کوئی ردعمل نہ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوشل مینڈس نے سیکیورٹی خدشات کے باعث پی ایس ایل کے بعض میچز میں شرکت سے انکار کیا تھا اور بعد ازاں آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کی، جہاں انہیں جوس بٹلر کی عدم دستیابی پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
صحافیوں کی جانب سے بار بار سوال کرنے کے باوجود انہوں نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، جس پر ٹیم انتظامیہ نے میڈیا سے گزارش کی کہ سوالات کو صرف میچ کی کارکردگی تک محدود رکھا جائے۔
