برامپٹن میں انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ کی تیاری بھی جاری ہیں مئیر برامپٹن کا برامپٹن کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل پر صحافیوں سے بات چیت
رپورٹ : محبوب علی شیخ
کینیڈا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ برامپٹن کے میئر پیٹرک براؤن نے اعلان کیا ہے کہ نارتھ امریکہ کے سب سے بڑے انڈور کرکٹ ڈوم کا افتتاح 17 اکتوبر کو کیا جائے گا، جس کا مقصد سردیوں کے موسم میں بھی کرکٹ کی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھنا اور خطے میں کرکٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
میئر پیٹرک براؤن نے یہ اعلان برامپٹن کرکٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بطور مہمانِ خصوصی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کینیڈا کے صوبائی رکن اسمبلی دیپک آنند، برامپٹن کرکٹ چیمپئن شپ کے ڈائریکٹرز فیصل مولدینا، طارق پرویز، شان مسعود، ریحان ضیا، ابھے ماتھور ، معروف پاکستانی سنگر امانت علی ، برامپٹن کے ڈسٹرکٹ منیجر کین مائیر اور افتخار خان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کے معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے برامپٹن میں پہلے انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ کی تکمیل پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں عالمی معیار کی کرکٹ کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پاکستان اور بھارت جیسی بڑی کرکٹ ٹیموں کے درمیان مقابلے بھی برامپٹن میں دیکھنے کا موقع مل سکے۔
انہوں نے برامپٹن کرکٹ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر فیصل مولدینا اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر اس طرح کے مقابلے کرکٹ کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر کینیڈا کے صوبائی اسمبلی کے رکن دیپک آنند نے کہا کہ کینیڈا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ان کے مطابق پاکستان، بھارت، سری لنکا، کیریبین، بنگلہ دیش اور دیگر کرکٹ کھیلنے والے ممالک سے تعلق رکھنے والے نوجوان کینیڈا میں موجود ہیں جو کرکٹ کو بہتر انداز میں کھیلنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر مقامی سطح پر اسی طرح کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب مواقع اور سہولیات فراہم کی جائیں تو کینیڈا ایک مضبوط کرکٹ ٹیم تشکیل دے سکتا ہے۔
برامپٹن کرکٹ چیمپئن شپ کے ڈائریکٹر فیصل مولدینا نے فائنل جیتنے والی ٹیم کو 5 ہزار کینیڈین ڈالر کا چیک اور ٹرافی پیش کی۔
فیصل مولدینا نے کہا کہ کینیڈا میں کرکٹ کو ہر سطح پر فروغ دینے کے لیے مقابلوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مستقبل میں انڈر 19، انڈر 40، انڈر 50 اور سینئرز سمیت مختلف عمر کے کھلاڑیوں کے لیے کرکٹ ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ کرکٹ سے محبت کرنے والے ہر عمر کے افراد کو میدان میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل سکے۔
برامپٹن میں نئے انڈور کرکٹ ڈوم اور انٹرنیشنل معیار کے کرکٹ گراؤنڈ کی جانب پیش رفت کو کینیڈا میں کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور مقامی سطح پر کھیل کے بنیادی ڈھانچے میں توسیع کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے
واضح رہے کہ برامپٹن کرکٹ چیمپئن شپ
12 مئی سے شروع ہوئی جس میں 14 ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور گزشتہ روز فاتح ٹیم رائل چیلنجرز برامپٹن نے 128 رنز کا ہدف تین وکٹو ں کے نقصان پر 15 اورز میں حاصل کرتے ہوئے یہ میچ جیت کر وننگ ٹرافی اور پانچ ہزار ڈالر کا چیک وصول کیا اور شبھم شرما نے فائنل میں اعلیٰ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ۔
