کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستانی ثقافت، بہادری اور گھڑ سواری کے فن کا شاندار مظاہرہ 

Spread the love

امریکہ ، یورپ اور کینیڈا کے مختلف شہروں سے گھڑ سواروں نے 

گھڑ سواری کی مہارت، جرات، توازن، رفتار اور ثقافتی فخر کو شاندار انداز میں پیش کیا 

خصوصی رپورٹ : محبوب شیخ 

کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستان کے روایتی اور سنسنی خیز گھڑ سواری کے کھیل نیزا بازی (Tent Pegging) نے ٹورنٹو میں شائقین کے دل جیت لیے، جہاں گھڑ سواروں نے تیز رفتاری، مہارت، بہادری اور شاندار کرتب کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک منفرد اور یادگار میلہ سجایا۔

نیزہ بازی کے آرگنائزر چوہدری اشرف حیات گوندل، چوہدری محمد ارشد منگٹ، عمران گوندل، ساجد منگٹ اور ان کی ٹیم نے نیزا بازی کے اس روایتی کھیل کو میلے اور کارنیول کی شکل میں کینیڈا میں متعارف کراتے ہوئے پاکستانی ثقافت اور گھڑ سواری کے شاندار ورثے کو اجاگر کیا۔

تقریب کا مقصد نیزا بازی کو فروغ دینا، نئی نسل کو اس روایتی کھیل سے روشناس کرانا اور مختلف کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا۔

تقریب میں قونصل جنرل پاکستان ٹورنٹو خلیل باجوہ، ندیم کھٹانہ، سمیر ڈوسل، امتیاز بخاری، رفیق کشمیری سمیت امریکہ، یورپ اور کینیڈا سے تعلق رکھنے والے گھڑ سواروں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نیزا بازی پاکستان کا ایک قدیم اور روایتی گھڑ سواری کا کھیل ہے، جو بالخصوص پنجاب اور ملک کے دیگر علاقوں میں مقبول ہے۔

تاریخی طور پر نیزا بازی کو گھڑ سوار فوجی دستوں کی تربیت کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ یہ کھیل ایک خوبصورت ثقافتی روایت میں تبدیل ہوگیا، جو پنجاب کی ثقافت، بہادری اور گھڑ سواری کے شاندار ورثے کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر ٹورنٹو میں تعینات قونصل جنرل پاکستان خلیل باجوہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیزا بازی جیسے روایتی کھیل پاکستان کی ثقافت اور تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔ کینیڈا میں اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد پاکستانی ثقافت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تقریب کے آرگنائزر ساجد منگٹ نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد نیزا بازی کے کھیل کو کینیڈا میں فروغ دینا اور کمیونٹی کو ایک خوبصورت ثقافتی سرگرمی کے ذریعے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب کسی مالی فائدے کے لیے نہیں بلکہ پاکستانی ثقافت اور گھڑ سواری کے اس شاندار کھیل کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے منعقد کی گئی۔

عمران گوندل نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ نیزا بازی صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ہماری تاریخ، ثقافت اور بہادری کی علامت ہے۔ کینیڈا میں اس کھیل کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اپنے ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

امتیاز بخاری نے کہا کہ اس کھیل میں گھڑ سوار پوری رفتار سے گھوڑے پر سوار ہو کر دوڑتا ہے اور ایک لمبے نیزے کی مدد سے زمین میں نصب خیمے کی کھونٹی کو نشانہ بنا کر اسے اٹھاتا ہے۔ کھونٹی کو درست نشانہ بنانا گھڑ سوار کی مہارت، گھوڑے پر گرفت، رفتار، توازن اور بہادری کا امتحان ہوتا ہے۔

نیزا بازی میں گھڑ سواری کی مہارت، جرات، توازن، رفتار اور ثقافتی فخر نمایاں ہوتا ہے۔ پاکستان میں یہ کھیل روایتی میلوں اور ثقافتی اجتماعات کی خصوصی پہچان سمجھا جاتا ہے۔

تقریب میں گھوڑوں کی شاندار دوڑ، نیزا بازی کے سنسنی خیز مقابلوں اور گھڑ سواروں کے حیرت انگیز کرتب نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ امریکہ، یورپ اور کینیڈا سے آنے والے گھڑ سواروں کی شرکت نے اس ایونٹ کو ایک بین الاقوامی رنگ دے دیا۔

ٹورنٹو میں منعقد ہونے والا یہ منفرد نیزا بازی میلہ نہ صرف پاکستان کی ثقافت، بلکہ پنجاب کی بہادری، روایت اور گھڑ سواری کے صدیوں پرانے ورثے کو کینیڈا کی سرزمین پر زندہ رکھنے کی ایک خوبصورت کوشش ثابت ہوا۔

رپورٹ: محبوب علی شیخ

وائس آف کینیڈینز (VOC)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے