خصوصی رپورٹ: محبوب علی شیخ
حکومتِ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مجوزہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے معاہدے (FIPPA)، جسے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدہ (BIT) بھی کہا جاتا ہے، پر مذاکرات کے لیے کینیڈا کے دارلخلافہ اوٹاوا پہنچ گیا ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت بورڈ آف انویسٹمنٹ (BoI) کے ایڈیشنل سیکریٹری ذوالفقار علی کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی امور سے متعلق مختلف اداروں کے سینئر حکام بھی شامل ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط فریم ورک قائم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گلوبل افیئرز کینیڈا کے جنوبی ایشیا بیورو کے ڈائریکٹر جنرل ژاں کرسچین بریاں نے پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات تعمیری اور نتیجہ خیز ثابت ہوں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔
کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے دونوں ممالک کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سرمایہ کاری کے ایک اعلیٰ معیار کے نظام کو حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے، جس سے دونوں جانب کے سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے گا۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نے پاکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات کا بھی ذکر کیا، جن کا مقصد کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ ان اصلاحات میں سرمایہ کاروں کے تحفظ کو مضبوط بنانا، تنازعات کی روک تھام کے شفاف نظام متعارف کرانا اور ضابطہ جاتی ہم آہنگی کو فروغ دینا شامل ہے، جو حکومت کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کے اہم ستون ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دے۔” انہوں نے زور دیا کہ یہ اصلاحات حکومت کے جامع اقتصادی وژن کا اہم حصہ ہیں۔
متوقع ہے کہ مذاکرات کا محور غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک مضبوط قانونی فریم ورک کی تشکیل ہوگا، جبکہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ دونوں ممالک کے حکام آئندہ دنوں میں مجوزہ معاہدے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال جاری رکھیں گے۔
موجودہ مذاکراتی دور سے قبل اس معاہدے پر آخری باضابطہ مذاکرات اکتوبر 2025 میں اسلام آباد میں منعقد ہوئے تھے۔ دونوں فریقوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ جاری مذاکرات پاکستان اور کینیڈا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایک ایسے وقت میں جب پاکستان بین الاقوامی سرمایہ کاری کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور کینیڈا ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید گہرا بنانے کا خواہاں ہے، FIPPA/BIT مذاکرات کی کامیاب تکمیل دونوں ممالک کے اقتصادی شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے اس موقع وزارت تجارت کے ٹریڈ کونسلر التمش جنجوعہ اور دیگر بھی موجود تھے
