جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک میں فضائی سفر کے کرایوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کمرشل طیاروں کے لیے استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 48 روپے 80 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 283 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ کمی کے بعد مجموعی طور پر جیٹ فیول کی قیمت میں اب تک نمایاں کمی ریکارڈ کی جا چکی ہے، جبکہ اس سے قبل مختلف مراحل میں بھی قیمتوں میں رد و بدل ہوتا رہا ہے۔
یاد رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی سے قبل 28 فروری کو جیٹ فیول کی قیمت 188 روپے فی لیٹر تھی۔
دوسری جانب حکومت نے حالیہ دنوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 22، 22 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے، جس کا اطلاق ایک ہفتے کے لیے کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اثرات ٹرانسپورٹ اور بالخصوص ایئرلائنز کے کرایوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے عوام کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
