پاکستانی فلم سازوں نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔ماہ نور بتول اور شاہ نواز احمد خان کی دستاویزی فلم "دی ایمرجنسی ایگزٹ” نے نیپال میں منعقدہ "کٹھمنڈو ڈاک لیب” میں "اسپرٹ آف ڈاک لیب ایوارڈ” جیت لیا ہے۔یہ ڈاکیومینٹری پاراچنار سے تعلق رکھنے والے دونوں فلم سازوں کی مشترکہ کاوش ہے، جس میں روزمرہ زندگی میں غیر یقینی حالات کے باوجود لوگوں کی جدوجہد، مشکلات اور ثابت قدمی کو موضوع بنایا گیا ہے۔
یہ پروجیکٹ پاکستان سے منتخب ہونے والا واحد منصوبہ تھا، جو مجموعی طور پر دیے گئے چار ایوارڈز میں سے ایک حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔مقابلے میں نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور بھارت سمیت مختلف ممالک کے فلمی منصوبے بھی شامل تھے، جبکہ باقی تین ایوارڈز بھارتی فلموں کے حصے میں آئے۔
