سال 2026 کی عیدالاضحیٰ کے موقع پر پاکستانی فلم انڈسٹری میں ریلیز ہونے والی بڑی فلموں نے باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی فلم "زومبیڈ” نے نوجوان نسل، خصوصاً جین زی ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔ فلم میں ہارر اور تھرلر عناصر کے امتزاج نے شائقین کو سینما گھروں تک کھینچ لیا، جہاں متعدد شوز میں ہاؤس فل کے مناظر دیکھنے میں آئے۔
یہ پاکستان کی بڑی ہارر تھرلر فلموں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے، جسے جیو فلمز کے تعاون سے دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا۔ فلم کی ہدایت کاری نبیل قریشی نے کی ہے جبکہ پروڈکشن فضا علی مرزا کے ذمے ہے۔
فلمی حلقوں کے مطابق "زومبیڈ” کی کہانی روایتی پاکستانی سنیما سے ہٹ کر ہے، جس نے خاص طور پر نوجوان اور خواتین ناظرین کو بھی متوجہ کیا ہے۔
دوسری جانب شان شاہد اور میرا کی فلم "سائیکو” بھی باکس آفس پر نمایاں رہی ہے۔ فلم کی نمائش کے بعد دونوں اداکار مختلف شہروں میں سینما دوروں کے دوران مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، جہاں انہیں بھرپور پذیرائی ملی۔
دونوں فلمیں جیو فلمز کے اشتراک سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی گئی تھیں اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق باکس آفس پر مثبت رجحان برقرار ہے۔
