امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ خلیجِ عمان میں ناکہ بندی کی خلاف ورزی کرنے والے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔سینٹکام کے مطابق گیمبیا کا پرچم بردار یہ جہاز ایرانی بندرگاہ کی جانب بڑھنے کی کوشش کر رہا تھا، جس دوران اسے متعدد بار وارننگز جاری کی گئیں کہ وہ امریکی ہدایات کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاز کے انجن روم کو ایک امریکی طیارے سے فائر کیے گئے ہیلفائر میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد جہاز کی پیش رفت رک گئی اور وہ ناکارہ ہو گیا۔امریکی حکام کے مطابق کارروائی کے وقت جہاز خلیجِ عمان میں موجود تھا اور اس پر براہِ راست قبضہ نہیں کیا گیا، تاہم اس کی نقل و حرکت مؤثر طور پر روک دی گئی۔
سینٹکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی خطے میں سمندری راستوں پر کنٹرول اور ناکہ بندی کے نفاذ کی پالیسی کا حصہ ہے۔امریکی حکام کے مطابق 29 مئی تک مجموعی طور پر 116 تجارتی جہازوں کا رخ موڑا جا چکا ہے، جبکہ دیگر کئی جہازوں کو بھی مختلف کارروائیوں کے ذریعے ہدف بنایا گیا تاکہ وہ مخصوص بندرگاہوں تک نہ پہنچ سکیں۔
