گریٹر ٹورنٹو آئیریا (GTA) میں درجنوں افراد کو ملک بدری کا سامنا، سخت ایکشن شروع
رپورٹ: محبوب علی شیخ
کینیڈا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھتہ خوری اور منظم جرائم کے خلاف ایک بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کرتے ہوئے گریٹر ٹورنٹو ایریا (GTA) میں درجنوں مشتبہ افراد کے خلاف امیگریشن کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
کینیڈا بارڈر سروسز ایجنسی (CBSA) کے مطابق تقریباً 200 امیگریشن تحقیقات کے بعد اب تک 33 افراد کے خلاف Removal Orders جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ متعدد افراد کو پہلے ہی کینیڈا سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ان افراد پر مرکوز ہیں جن کے منظم جرائم یا بھتہ خوری سے ممکنہ روابط کی نشاندہی ہوئی۔ تحقیقات پولیس، عوامی معلومات، شراکت دار اداروں اور CBSA کی اپنی انٹیلیجنس کے ذریعے آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔
سرکاری تفصیلات کے مطابق اس خصوصی مہم کا آغاز اگست 2025 میں بحرالکاہل اور پریری علاقوں سے ہوا تھا، جسے بعد ازاں نومبر 2025 میں گریٹر ٹورنٹو ایریا تک وسعت دی گئی۔
وفاقی وزیر برائے پبلک سیفٹی Gary Anandasangaree نے کہا کہ کینیڈین شہریوں کو اپنے گھروں، کاروباروں اور محلوں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق حکومت بین الاقوامی مجرمانہ نیٹ ورکس اور بھتہ خوری جیسے خطرات کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ Removal Order کا مطلب فوری ملک بدری نہیں ہوتا۔ کینیڈا کے قوانین کے مطابق متاثرہ افراد کو اپیل اور عدالتی نظرثانی کے قانونی حقوق حاصل ہوتے ہیں، اور تمام قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد ہی حتمی فیصلہ نافذ کیا جاتا ہے۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران اونٹاریو، خصوصاً پیل ریجن میں بعض کاروباری افراد کو دھمکی آمیز کالز، فائرنگ اور بھتہ طلبی جیسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں مزید سخت کر دی ہیں۔
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ کینیڈا ایک کھلا اور انسانی ہمدردی پر مبنی امیگریشن نظام رکھتا ہے، لیکن قانون شکنی اور منظم جرائم میں ملوث افراد کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔
پیغام واضح ہے: کینیڈا میں رہنا ہے تو قانون کی مکمل پاسداری ضروری ہے۔
