پاکستان: یونیسف کی مدد سے نظام صحت کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا منصوبہ

Spread the love

یونیسف کی معاونت سے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مریضوں کے تازہ ترین طبی ریکارڈ کی فوری اور مسلسل دستیابی یقینی بنانے کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے بعد صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم 2 (DHIS-2) کے نام سے متعارف کرائے گئے اس نظام سے قبل صوبے میں طبی ریکارڈ کے لیے کاغذی طریقہ کار اور پرانے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر انحصار کیا جاتا تھا، جس میں متعدد تکنیکی خامیاں موجود تھیں۔ اس نظام کو مسلسل انٹرنیٹ کی ضرورت ہوتی تھی اور ایک بار ڈیٹا درج ہونے کے بعد اس میں ترمیم ممکن نہیں تھی۔

دسمبر 2023 میں شروع کیے گئے نئے نظام کو گزشتہ سال تک بلوچستان کے تمام اضلاع تک توسیع دی جا چکی ہے۔ اس کے تحت طبی عملہ مراکز صحت میں ہی مریضوں کا ریکارڈ درج کرتا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر ڈیجیٹل صورت میں اپ لوڈ ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ موبائل ایپ کے ذریعے آف لائن اندراج کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

یونیسف کی جانب سے اس منصوبے کے لیے آئی ٹی آلات فراہم کیے گئے جبکہ صوبے بھر کے تقریباً 4,500 طبی کارکنوں کو تربیت بھی دی گئی ہے۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے مطابق اس نظام کے ذریعے اب تمام اضلاع کے طبی مراکز سے فوری اور مربوط معلومات حاصل کرنا ممکن ہو گیا ہے، جس سے قبل اس عمل میں کئی ہفتے لگ جاتے تھے۔

کوئٹہ کے ایک بڑے سرکاری ہسپتال میں اس نظام کے نفاذ کے بعد طبی ریکارڈ کی ڈیجیٹل نگرانی، بروقت اپ ڈیٹ اور غلطیوں کی نشاندہی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ پہلے یہ ڈیٹا ماہ کے آخر میں درج کیا جاتا تھا، جس کے باعث نگرانی اور اصلاح کا عمل تاخیر کا شکار رہتا تھا۔

نئے نظام کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات کو ضلعی اور صوبائی سطح پر تجزیہ کیا جا رہا ہے، جس سے صحت کے رجحانات کی بروقت نشاندہی اور ممکنہ وباؤں کی پیشگی روک تھام میں مدد مل رہی ہے۔ کسی علاقے میں غیر معمولی صورتحال سامنے آنے پر فوری طور پر طبی وسائل اور ادویات فراہم کی جا سکتی ہیں۔

حکام کے مطابق اس نظام کے تحت اب صوبے کے 1,650 سے زائد طبی مراکز میں خدمات کی فراہمی زیادہ مؤثر اور تیز رفتار ہو گئی ہے، جس سے خصوصاً بچوں کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات اور بنیادی علاج تک رسائی بہتر ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل نظام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف انتظامی بہتری بلکہ بہتر منصوبہ بندی اور فوری فیصلوں میں بھی مددگار ثابت ہو رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے