پاکستانی سینما نے عالمی سطح پر ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی۔ کینیڈا میں منعقد ہونے والے موسیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول (MISAFF) میں پاکستانی فلم سازوں کی متعدد فلموں نے مختلف اعزازات اپنے نام کرلیے۔
موسیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول کے 12ویں ایڈیشن میں پاکستانی ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم ’لالی‘ اور محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائے اے وائر‘ سمیت دیگر پاکستانی فلموں کو نمایاں اعزازات سے نوازا گیا۔سرمد کھوسٹ کی ڈارک کامیڈی فلم ’لالی‘ نے فیسٹیول کا افتتاح کیا اور اسپیشل جیوری پرائز کے ساتھ بہترین ساؤنڈ ڈیزائن کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ فلم کا رواں برس برلن فلم فیسٹیول میں پریمیئر بھی ہوچکا ہے۔فلم ’لالی‘ کی کہانی زیبا نامی نوجوان لڑکی کے گرد گھومتی ہے جس کا کردار مامیا شاہ جعفر نے ادا کیا ہے۔ فلم میں زیبا کو اس وقت ’منحوس دلہن‘ قرار دیا جاتا ہے جب اس کے 3 سابق شوہر پراسرار حالات میں موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔دوسری جانب محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائے اے وائر‘ نے صبیّن محمود ایوارڈ فار کریج اِن سنیما اپنے نام کیا۔ یہ فلم رواں سال اکیڈمی ایوارڈز کے لیے پاکستان کی جانب سے بھی پیش کی گئی ہے۔
دستاویزی فلم میں 2023 کے بٹگرام کیبل کار حادثے کو موضوع بنایا گیا ہے جب 6 بچوں سمیت 8 افراد تقریباً 900 فٹ بلندی پر ایک کیبل کار میں پھنس گئے تھے۔ تمام افراد کو کئی گھنٹوں پر محیط مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
