پنجاب اور اونٹاریو میں تجارت و سرمایہ کاری میں اہم پیش رفت

Spread the love

ٹورنٹو میں پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی اونٹاریو کے وزیر اقتصادی ترقی و تجارت وِک فیڈیلی سے اہم ملاقات

پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق — لاہور دورے کی دعوت، اونٹاریو کے وزیر کی جلد دورہ لاہور کی یقین دہانی

رپورٹ: محبوب علی شیخ

ٹورنٹو میں پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور اونٹاریو کے وزیر اقتصادی ترقی، روزگار و تجارت وِک فیڈیلی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پنجاب اور اونٹاریو کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری شراکت داری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرتے ہوئے دونوں صوبوں کے کاروباری طبقوں کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے بھی مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب اور اونٹاریو ایگرو فوڈ، ایگرو ٹیک، ویلیو ایڈیشن اور سپلائی چین مینجمنٹ کے شعبوں میں وسیع تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری، لائیو اسٹاک، پولٹری، توانائی اور ہمالیائی گلابی نمک سمیت متعدد شعبوں میں دونوں صوبوں کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے فوری اور مؤثر مواقع موجود ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان حالیہ برسوں میں اقتصادی روابط میں اضافہ ہوا ہے، جسے پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان براہِ راست تجارتی اور سرمایہ کاری روابط کے ذریعے مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔

ملاقات میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ ممبر احمد علی طارق , سفیر پاکستان محمد سلیم ، قونصل جنرل آف پاکستان خلیل باجوہ ، ٹریڈ قونصلر التمش جنجوہ سمیت سرکاری وفد بھی موجود تھا۔

ملاقات کے اختتام پر چوہدری شافع حسین نے اونٹاریو کے وزیر وِک فیڈیلی کو لاہور کے دورے کی خصوصی دعوت دی، جسے اونٹاریو کے وزیر نے قبول کرتے ہوئے جلد لاہور کا دورہ کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔

پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کے نئے امکانات کی جانب ایک اہم قدم قرار دی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے