کینیڈا میں منظم ریٹیل جرائم کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن!

Spread the love

مسی ساگا سے تقریباً 10 لاکھ ڈالر کا چوری شدہ سامان برآمد، لگژری اسٹور کی ہائی پروفائل واردات بے نقاب

پیل ریجنل پولیس کی بڑی کامیابی، جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی نے ملزم کو قانون کے شکنجے تک پہنچا دیا

رپورٹ: محبوب علی شیخ

کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے شہر مسی ساگا میں منظم ریٹیل جرائم کے خلاف ایک بڑی کارروائی میں پیل ریجنل پولیس نے اسکوائر ون شاپنگ سینٹر میں واقع معروف لگژری اسٹور Holt Renfrew میں ہونے والی ہائی پروفائل چوری کے مقدمے میں تقریباً 10 لاکھ کینیڈین ڈالر مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کرتے ہوئے 41 سالہ ملزم امیر نکبخت کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق 30 اپریل کی علی الصبح ہونے والی اس واردات میں ملزم مبینہ طور پر زبردستی اسٹور میں داخل ہوا، لاکھوں ڈالر مالیت کے قیمتی زیورات اور دیگر لگژری اشیاء چرائیں، اور فرار ہونے کے لیے قریب کھڑی ایک چلتی ہوئی گاڑی بھی لے گیا۔

ابتدائی طور پر صرف چوری شدہ گاڑی برآمد ہوئی، مگر تفتیش کاروں نے جدید سی سی ٹی وی فوٹیج، ڈیجیٹل شواہد اور مختلف مقامات سے حاصل ہونے والی نگرانی کی ویڈیوز کی مدد سے ملزم کی شناخت کر لی۔ بعد ازاں عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کر کے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے تقریباً 10 لاکھ ڈالر مالیت کے زیورات، لاٹری ٹکٹ اور دیگر مبینہ چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا۔

پیل ریجنل پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف بھیس بدل کر جرم کرنے کی نیت، موٹر گاڑی کی چوری، پروبیشن کی خلاف ورزی اور منظم ریٹیل چوری سے متعلق متعدد سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، جبکہ مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت رہے گا۔

ڈپٹی چیف مارک اینڈریوز نے کہا کہ Organized Retail Crime اب صرف دکانوں سے چوری کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک سنجیدہ عوامی تحفظ کا چیلنج بن چکا ہے۔ ان کے مطابق جرائم پیشہ نیٹ ورک مختلف شہروں میں مربوط انداز میں کارروائیاں کرتے ہیں اور چوری شدہ سامان غیر قانونی مارکیٹوں کے ذریعے فروخت کرتے ہیں۔

اسی خطرے سے نمٹنے کے لیے پیل ریجنل پولیس نے گزشتہ سال خصوصی یونٹ BEAR (Break and Enter Auto and Retail Organized Crime Unit) قائم کیا، جس کی کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ بارہ ماہ کے دوران ملزمان کی گرفتاریوں اور مقدمات میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

Retail Council of Canada کے نمائندوں نے بھی خبردار کیا ہے کہ کینیڈا میں ریٹیل چوری پہلے سے کہیں زیادہ منظم، تیز رفتار اور بعض اوقات پرتشدد شکل اختیار کر چکی ہے، جبکہ آن لائن غیر قانونی مارکیٹیں اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورک اس مسئلے کو مزید سنگین بنا رہے ہیں۔

بطور صحافی میں اپنا تجزیہ یہ ہے کہ یہ کارروائی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ جدید نگرانی کے نظام، سی سی ٹی وی، ڈیجیٹل فارنزک شواہد اور مربوط پولیس حکمت عملی کے ذریعے منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس تک بھی رسائی ممکن ہے۔

یہ صرف ایک لگژری اسٹور میں ہونے والی چوری کی کہانی نہیں بلکہ اس بڑے خطرے کی نشاندہی بھی ہے کہ منظم ریٹیل جرائم کا مالی بوجھ بالآخر ہر صارف، ہر کاروبار اور پوری معیشت کو متاثر کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں عوامی اعتماد اور معاشی تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے